عوام اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں، بلیو پاسپورٹ اور سی آئی پی لاؤنجز نہیں بلکہ عوامی مسائل ایوان کی توجہ کے مستحق ہیں، چیئرپرسن بی آئی ایس پی
اسلام آباد (الفجر آن لائن): چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے سینیٹ اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مفاد کے اہم معاملات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ اس وقت عام شہری شدید مشکلات اور تکالیف کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا سی آئی پی لاؤنجز عوام کے بنیادی مسائل ہیں؟ عام لاؤنجز میں بیٹھنے والے شہریوں کے مسائل پر کون توجہ دے گا؟ ان کا کہنا تھا کہ ایوان میں عوامی مشکلات کے بجائے دیگر معاملات زیرِ بحث آنے سے شہری یہ سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ ان کے نمائندے اپنا وقت ضائع کر رہے ہیں اور عوامی مسائل پر بات نہیں ہو رہی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بلیو پاسپورٹ عوام کا مسئلہ نہیں، بلکہ شہریوں کو درپیش مشکلات اصل توجہ کی متقاضی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو درپیش تکالیف کا ازالہ کیا جائے اور پارلیمان میں عوامی مفاد کے معاملات کو ترجیح دی جائے۔

