بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر حکمتِ عملی کا ثبوت ہیں، میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب سکیورٹی آپریشنز میں 17 دہشت گردوں کے خاتمے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری، مستعدی اور مؤثر حکمتِ عملی کا واضح ثبوت ہیں۔ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا سکیورٹی اداروں کے غیر متزلزل عزم اور ملک کے دفاع کے لیے ان کی بھرپور کاوشوں کا مظہر ہے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور عوام کے امن و سکون کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہی حکمت اللہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جان قربان کرکے فرض شناسی، جرات اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید سپاہی حکمت اللہ کی عظیم قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر افسران اور جوان قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے مسلسل مصروفِ عمل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔ پوری قوم اس جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی عملداری یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

