بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے، معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے ریاستی عزم کا واضح ثبوت ہیں۔
بابر یوسفزئی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کو نقصان پہنچانے اور بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ کچھی اور خاران میں 17 دہشت گردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ایسے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ بھارت کی سرپرستی میں بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بلوچستان کے امن کے محافظ ہیں اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کررہے ہیں۔
بابر یوسفزئی نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے سپاہی حکمت اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپاہی حکمت اللہ جیسے بہادر جوانوں کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
معاون برائے داخلہ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ریاست پاکستان کی سلامتی، بلوچستان میں پائیدار امن اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی تمام سازشوں کا مقابلہ قومی اتحاد، یکجہتی اور مضبوط ریاستی عزم کے ذریعے کیا جائے گا اور بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سکیورٹی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

