محمد زاہد کی مالی معاونت، آنکھوں کے علاج اور بینائی کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی، غریب اور بے روزگار دوست جان محمد کو باعزت روزگار کے لیے رکشہ تحفے میں دے دیا۔
کوئٹہ(الفجرآن لائن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے 6 نومبر 2026 کو بینائی سے محروم شہری محمد زاہد نے ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعلیٰ نے ان کی مالی معاونت، علاج کے لیے مکمل تعاون اور ان کے غریب و بے روزگار دوست جان محمد کو روزگار فراہم کرنے کے لیے رکشہ تحفے میں دیا۔ اس موقع پر محمد زاہد اور جان محمد نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اقدام کو سراہا۔ محمد زاہد نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی عوام کے دکھ درد کو سمجھنے اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینے والے متحرک وزیراعلیٰ ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ اس سے قبل بھی ان کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کر چکے ہیں اور روزگار کے حوالے سے بھی تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہمیشہ ان کی مشکلات کو سمجھا اور انہیں کبھی خالی ہاتھ واپس نہیں بھیجا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ہی اصل خدمت ہے اور کسی ضرورت مند کے چہرے پر مسکراہٹ لانا ان کے لیے سب سے بڑا اطمینان ہے۔ انہوں نے محمد زاہد کی آنکھوں کے علاج اور بینائی کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا علاج لندن، امریکہ، دبئی یا دنیا کے کسی بھی دوسرے ملک میں ممکن ہوا تو اس کے انتظامات کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ مشکلات میں گھرے شہریوں کا سہارا بنے اور کسی مستحق کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معذوری کسی انسان کی صلاحیتوں اور عزت نفس میں کمی کا باعث نہیں بنتی، بلکہ ایسے افراد کو باعزت زندگی گزارنے اور خودمختار روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ بلوچستان کا کوئی بھی مستحق شہری علاج، روزگار اور بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت ان کا نصب العین ہے اور ضرورت مند افراد کی مدد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

