وفاقی حکومت نے اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں، ڈویژنز اور دیگر وفاقی اداروں کے لیے کل ( پیر 20 اپریل 2026) کو ‘ورک فرام ہوم’ (گھر سے کام) کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔کابینہ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں قائم تمام سرکاری دفاتر کے ملازمین پیر کے روز دفاتر آنے کے بجائے گھروں سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ یہ حکم ریڈ زون میں موجود تمام وزارتوں، ڈویژنز اور وفاقی اداروں پر لاگو ہوگا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام افسران اور سیکرٹریٹ اسٹاف اپنے اسٹیشن (شہر) پر ہی موجود رہیں گے اور شارٹ نوٹس پر طلب کیے جانے کی صورت میں دفتر حاضر ہونے کے پابند ہوں گے۔یہ فیصلہ صرف پیر، 20 اپریل 2026 کے لیے کیا گیا ہے۔کابینہ ڈویژن نے اس نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ محکموں، وفاقی وزراء، مسلح افواج کے متعلقہ دفاتر، سپریم کورٹ، اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسٹیٹ بینک کو ارسال کر دی ہے تاکہ اس پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔