کوئٹہ ( الفجرآن لائن)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبائی دارالحکومت میں سیکیورٹی ڈرلز کے باعث اہم شاہراہوں کی بندش کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو سڑکیں فوری کھولنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر عمل درآمد کرتے ہوئے متعدد بلاک شدہ راستے ٹریفک کے لیے دوبارہ بحال کر دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ عوام کو بلاوجہ پریشانی میں مبتلا کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اس لیے متعلقہ ادارے سیکیورٹی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کریں

