اسلام آبادِ (الفجرآن لائن) ملک میں مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے، جہاں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 9.29 فیصد تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے پیاز کی قیمت میں 10.14 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ چکن 9.19 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح دال چنا کی قیمت میں 2.43 فیصد، مرچ پاؤڈر میں 1.01 فیصد اور رسوں کے تیل کی قیمت میں 0.99 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق چائے کی پتی 0.57 فیصد، گندم کا آٹا 0.52 فیصد مہنگا ہوا۔ سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 178.03 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ پیاز 84.65 فیصد، گندم کا آٹا 80.02 فیصد اور ایل پی جی 53.83 فیصد مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 34.44 فیصد اور پٹرول کی قیمت میں 25.97 فیصد اضافہ ہوا۔ مرچ پاؤڈر 16.37 فیصد، مٹن 16.12 فیصد، کیلے 15.11 فیصد، بیف 13.81 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 9.37 فیصد مہنگی ہوئی۔
دوسری جانب ہفتہ وار بنیادوں پر بعض اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر 6.82 فیصد، ایل پی جی 1.90 فیصد، ڈیزل 1.66 فیصد اور پٹرول 0.63 فیصد سستا ہوا۔ اسی طرح کیلے 1.20 فیصد، چینی 0.51 فیصد اور سادہ ڈبل روٹی 0.29 فیصد سستی ہوئی۔
سالانہ بنیادوں پر قیمتوں میں کمی کا جائزہ لیتے ہوئے ادارہ شماریات نے بتایا کہ آلو 30.65 فیصد، دال چنا 17.86 فیصد، چینی 17.60 فیصد، چکن 15.65 فیصد، نمک پاؤڈر 14.09 فیصد، دال مسور 13.02 فیصد، انڈے 9.66 فیصد اور دال مونگ 6.25 فیصد سستی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی صورتحال میں مختلف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے

