اسلام آباد (الفجرآن لائن) دنیا کی بلند ترین چوٹیوں میں شامل براڈ پیک پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں جاں بحق کوہ پیماؤں کی میتیں کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد اسلام آباد پہنچا دی گئی ہیں۔
پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے دشوار گزار پہاڑی علاقے سے ریکور کی گئی میتوں کو اسکردو سے اسلام آباد منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں متعلقہ ممالک روانہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق معروف نیپالی کوہ پیما نرمل پورجا (نمز دائی) سمیت متعدد غیر ملکی کوہ پیماؤں کی میتیں اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔ پاکستانی کوہ پیماؤں اور شیرپاز کی مشترکہ کوششوں سے براڈ پیک کے انتہائی مشکل اور خطرناک مقام سے میتیں نکالی گئیں۔
حکام کے مطابق نرمل پورجا کی میت برطانیہ روانہ کی جائے گی، جہاں انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔ چینی کوہ پیما کی
میت چین جبکہ نیپالی شیرپاز کی میتیں نیپال روانہ کی جائیں گی۔رپورٹ کے مطابق یکتا شیرپا کی میت پہلے ہی نیپال پہنچائی جا چکی ہے،۔
جبکہ عمانی خاتون کوہ پیما کی میت بھی عمان منتقل کر دی گئی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق براڈ پیک حادثے میں لاپتہ تین افراد کی تلاش تاحال جاری ہے، جن میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی۔
ایک نیپالی شیرپا اور ایک امریکی خاتون کوہ پیما شامل ہیں۔براڈ پیک ریسکیو آپریشن میں پاک فوج، پاکستانی کوہ پیماؤں اور مقامی شیرپاز نے انتہائی مشکل موسمی حالات اور خطرناک راستوں کے باوجود اہم کردار ادا کیا۔

