کراچی(الفجرآن لائن) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال سرمایہ کاری کی راہ میں بالکل رکاوٹ نہیں ہے اور بلوچستان کی حقیقی صورتحال میڈیا پر دکھائی جانے والی تصویر سے یکسر مختلف ہے۔ کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبہ تیزی سے سرمایہ کاری کے عالمی مرکز میں تبدیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے تاجر برادری کو بلا جھجھک سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں فشریز، شرمپ فارمنگ، معدنیات، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں منافع بخش مواقع موجود ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران بلال خان کاکڑ نے سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردوں کے خلاف انتہائی مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں حالیہ دنوں میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بلوچستان میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا، جبکہ میاں زاہد حسین نے بھی کاروبار میں آسانی کے لیے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے اقدامات کو سراہا۔ صوبے میں اس وقت تمام تر ترقیاتی اور تجارتی سرگرمیاں بغیر کسی تعطل کے کامیابی سے جاری ہیں

