کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو ایک تاریخی پیشرفت قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے تینوں برادر ممالک کے مابین باہمی اعتماد اور اسٹریٹجک شراکت داری کو ایک نئی قوت ملے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ یہ سہ فریقی دفاعی تعاون نہ صرف تینوں ممالک کے محفوظ اور خوشحال مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے، بلکہ یہ مسلم امہ کے اجتماعی مفادات کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس اہم اور تاریخی دفاعی معاہدے کو ممکن بنانے پر وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کے کردار کو بھرپور انداز میں سراہا۔ میر سرفراز بگٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس مکہ معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور پوری مسلم امہ کے لیے خیر و برکت اور مشترکہ سلامتی کے ایک نئے باب کا ذریعہ بنائے۔


