کوئٹہ (الفجر آن لائن) پٹرولیم مصنوعات پربھتہ خوری،بدامنی، بدعنوانی،بارڈرز بندش، لاپتہ افراد کی عدم بازیابی،فورسزکے غلط رویے کے خلاف بلوچستان بھرمیں 21مقامات پر اہم قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی آمدورفت بند رہی۔
مختلف اضلاع میں جماعت اسلامی کے شرکا نے قومی شاہراہ کوئٹہ کراچی این 25مستونگ، قلات، خضدار، وڈھ، لسبیلہ اور حب کے مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بندکیاگیا۔
این40کوئٹہ تفتان کوکوئٹہ،نوشکی، دالبندین، نوکنڈی اور تفتان کے مختلف مقامات پر شاہراہ بندکیاگیا۔کوئٹہ ژوب این500قومی شاہراہ کوکوئٹہ،قلعہ سیف اللہ، مسلم باغ، ژوب اور شیرانی کے مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بندکیاگیا۔
این 65 کوئٹہ سبی جیکب آباد قومی شاہراہ کوکوئٹہ، بولان،ڈھاڈر، سبی اور جیکب آباد کی جانب مختلف مقامات پربندکیا۔مکران کوسٹل این10مکران کوسٹل ہائی وے کو گوادر، تربت اور مکران کے دیگر علاقوں میں مختلف مقامات پر ٹریفک بند کیاگیا۔
این 85شراب پنجگوریوشاب شاہراہ کوسوراب، پنجگور کے مختلف مقامات پر بھی احتجاج کے باعث آمدورفت متاثر ہوئی۔ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹرز،تاجر برادری اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی،جبکہ مختلف مقامات پر شاہراہوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
جماعت اسلامی بلوچستان کے مطابق ہڑتال کا مقصد بدامنی، شاہراہوں پر لوٹ مار، پٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری،بارڈرز کی بندش، بدعنوانی اور دیگر عوامی مسائل کے خلاف آواز بلند کرنا ہے

