راولپنڈی میں تمام شاہراہیں اور ٹرانسپورٹ بحال، تعلیمی اداروں کی بندش کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ضلعی انتظامیہ
راولپنڈی(الفجرآن لائن) پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں تعلیمی اداروں، ٹرانسپورٹ اور اہم شاہراہوں کی صورتحال سے متعلق وضاحت جاری کردی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق راولپنڈی میں کل تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں انٹرا سٹی اور بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق بحال رہے گی، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان رابطہ رکھنے والی سڑکیں بھی کھلی رہیں گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق اندرون شہر مختلف علاقوں کو آپس میں ملانے والے راستے بھی کھلے رہیں گے اور راولپنڈی میں فی الوقت کوئی شاہراہ بند نہیں کی گئی۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اندرون شہر اور اسلام آباد کو ملانے والے تمام اہم راستے تاحال کھلے ہیں اور شہریوں کو آمدورفت میں معمول کے مطابق سہولت میسر رہے گی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق احتجاج کے دوران امن و امان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔ صورتحال میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا

