دو افسران کے خلاف مقدمہ درج،ایف آئی اے کی مزید تحقیقات جاری متنازع حیثیت کے باوجود پلاٹ کی منتقلی کی منظوری دی گئی، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے،
ایف آئی آر اسلام آباد(الفجر آن لائن) ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے دو افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ہونے والوں میں سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ-II سجاد اللہ اور ڈیلنگ اسسٹنٹ یاسر عرفان شامل ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔
ان کے خلاف متنازع پلاٹ کے لیے نان ڈیمانڈ سرٹیفکیٹ (این ڈی سی) جاری کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔تحقیقات کے مطابق متعلقہ پلاٹ 2022 سے قانونی تنازع کا شکار تھا، تاہم مبینہ طور پر سرکاری ریکارڈ میں مقدمات اور پابندیوں سے متعلق حقائق چھپائے گئے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی این ڈی سی فروری میں جبکہ دوبارہ مئی 2023 میں جاری کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق متنازع حیثیت کے باوجود پلاٹ کی منتقلی کی منظوری دی گئ۔
جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان اور انسدادِ بدعنوانی قوانین کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے، جبکہ کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔
