کوئٹہ (الفجرآن لائن) انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کوئٹہ نے گوادر میں احتجاج کے دوران ایف سی اہلکار شبیر بلوچ کی ہلاکت کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائے سی) کی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور مقدمے میں نامزد ملزم صبغت اللہ شاہ جی کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
عدالت کے جج احمد مبین نے مقدمے کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ استغاثہ کے مطابق گوادر میں منعقدہ ایک احتجاجی جلسے کے دوران مبینہ پتھراؤ کے نتیجے میں ایف سی اہلکار شبیر بلوچ جان کی بازی ہار گئے تھے۔
جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا۔عدالتی فیصلے کے مطابق مقدمے میں نامزد2 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ کیس میں نامزد دیگر 3ملزمان تاحال مفرور ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب ہیں۔
عدالتی فیصلے کے بعد تاحال ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ یا ان کے وکلا کی جانب سے کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم قانونی ماہرین کے مطابق فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کی جا سکتی ہے۔یہ مقدمہ بلوچستان میں احتجاجی سرگرمیوں اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں خاصی توجہ کا مرکز رہا ہے۔
