لاہور (الفجرآن لائن) گلشن راوی پولیس نے بہترین کارروائی کرتے ہوئے برقعہ پوش خاتون کو اسکے آشنا کے ساتھ گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق برقعہ پوش ملزمہ اپنے آشنا وقاص عرف کاشی سے مل کر موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں کرتی تھی۔
دونوں ملزمان گھر کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو چوری کرتے اور سستے دام فروخت کر دیتے تھے۔ ملزمان کو ویڈیو میں موٹر سائیکل چوری کی واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ برقع پوش ملزمہ کو بھی چوری کی موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔
ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق ملزمان کو سیف سٹی اور لوکل کیمرہ جات کی مدد سے ٹریس کیا گیا، ملزمان کو انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے شرقپور برج اٹاری سے خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔
ایس پی سدرہ خان نے بتایا کہ ملزمان سے پستول مع گولیاں، نقدی اور چوری شدہ 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا۔
