امریکہ کا ایرانی تیل و پیٹرو کیمیکل برآمدات پر 21 اگست تک عارضی اجازت نامہ جاری ایرانی خام تیل کی برآمدات پر 60 روزہ اجازت نامہ جاری کیا گیا ہے
امریکی محکمہ خزانہ واشنگٹن (الفجر آن لائن) امریکی محکمہ خزانہ نے ایک عارضی اجازت نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت ایران کو 21 اگست تک خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی برآمد اور فروخت کی اجازت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام واشنگٹن اور تہران کے درمیان گذشتہ ہفتے طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کے تحت کیا گیا ہے، جس میں ایرانی توانائی مصنوعات کی برآمدات کے لیے محدود نرمی پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اجازت نامے میں صرف خام تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات ہی نہیں بلکہ ان سے متعلق انشورنس، بینکنگ خدمات اور نقل و حمل کے لین دین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایران سے بعض پیٹرولیم مصنوعات کی امریکہ میں درآمد کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل کی برآمدات پر پابندیاں معطل کر دی گئی ہیں۔
بحری ناکہ بندی ختم ہو گئی ہے اور بعض منجمد اثاثے بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں جاری مذاکرات کے نتیجے میں ایران نے آبنائے ہرمز میں آزادانہ اور کھلی راہداری اور آئی اے ای اے معائنہ کاروں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
ان کے مطابق اسی فریم ورک کے تحت ایران کے تیل کی پیداوار اور فروخت کے لیے 60 روزہ عارضی لائسنس جاری کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ایران پر عائد معاشی پابندیوں کا معاملہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مفاہمتی عمل کا اہم حصہ رہا ہے، جس کے تحت آئندہ مرحلے میں ان پابندیوں کے مکمل خاتمے پر بھی بات چیت متوقع ہے۔
