لاہور (الفجرآن لائن)لاہور کے جناح ہسپتال میں مبینہ طبی غفلت کا ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں گردے کے آپریشن کے لیے آنے والی مریضہ کی بڑی آنت متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اوکاڑہ کی رہائشی 42 سالہ سمیرا کو ناکارہ گردے کے آپریشن کے لیے یورالوجی وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق لیپروسکوپی کے ذریعے نفریکٹمی کے دوران ناکارہ گردہ نکالنے کی کوشش میں بڑی آنت کے ایک حصے کو گردہ سمجھ کر کاٹ دیا گیا۔ آپریشن کے دوران صورتحال کا علم ہونے پر فوری طور پر جنرل سرجنز کو طلب کیا گیا۔
جنرل سرجنز نے ہنگامی لیپروٹمی کر کے مریضہ کی جان بچائی، تاہم بڑی آنت متاثر ہونے کے باعث مریضہ کو کولوسٹمی بیگ لگانا پڑا۔متاثرہ خاتون اس وقت سرجری وارڈ میں زیر علاج ہے۔ ذرائع کے مطابق واقعے کے باعث مریضہ کو طویل المدتی طبی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جبکہ مبینہ غفلت پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔واقعے کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات اور مزید کارروائی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
