![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/1B8D145A-558D-4E3D-B0C9-49A394A881CD.png)
پتا ہے مجھے کون روک رہا ہے؟،ملک کبھی نہیں چھوڑ کر جاؤں گا، زندہ اور آزاد رہنا چاہتا ہوں، عمران ریاض
لاہور : اینکر عمران ریاض کو حج کیلئے جاتے لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سینئر نیوز اینکر ویوٹیوبر عمران ریاض کو حج کیلئے جاتے احرام میں لاہور ایئر پورٹ سے گرفتار کرلیا گیاجس کی تصدیق ان کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے کی۔دوسری جانب عمران ریاض خان کے ایکس اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ عمران ریاض خان کو ایئرپورٹ عدالتی احکامات کے باوجود احرام میں وردی اور بغیر وردی افراد نے گرفتار کیا، عمران ریاض کو دھکے اور بدتمیزی سے گرفتار کر کے کالے ویگو میں بٹھایا گیا وہ اونچی آواز میں لبیک اللہ پڑھتے رہے۔
ٹوئٹ میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں عمران ریاض نے کہا کہ مجھے حج کیلئے جانا ہے، اس ملک کو نہیں چھوڑنا، سب لوگ جانتے ہیں میں اس ملک کو کبھی نہیں چھوڑ کر جاؤں گا، اس ملک میں زندہ اور آزاد رہنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بار بار پکڑ کر مجھے اندر ڈال دیتے ہیں، کبھی غائب ،کبھی مقدمات درج کر دیتے ہیں، میں نے گزشتہ ڈیڑھ، 2مہینے بڑی تکلیف میں گزارے ہیں، 2022ء میں حج پر جانا چاہتا تھا، مجھے گرفتار کرلیا گیا، پھر 2023میں نے احرام پہننا تھا، اس سال بھی حج کی نیت کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ میں مختلف دفاتر کے چکر لگائے، تمام نظام کے دروازے کھٹکھٹائے اور سب کو بتایا کہ حج پر جانا چاہتا ہوں، میری اور کوئی نیت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حج کی آخری فلائٹ ہے، مجھے اطلاع ملی ہے کہ ایئر پورٹ پر بڑی تعداد میں پولیس اور رینجرز کھڑی ہے اور وہ مجھے گرفتار کرسکتے ہیں، مجھے سب کہہ رہے ہیں کہ وہاں نہ جاؤ۔انہوں نے کہا کہ میں ایئرپورٹ حج کی نیت سے جا رہا ہوں، حج کرکے واپس آؤں گا اگلے ماہ کی 8تاریخ کو عدالت میں پیش بھی ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 5دفعہ ٹکٹ لئے ہیں، حج کا ٹکٹ تو ریفنڈ بھی نہیں ہوتا، میں نے اپنی فیملی کو بھی باہر سے بلایا ہے وہ بھی ایئرپورٹ پر کھڑے میرا انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو آپ اس وقت دیکھیں گے جب مجھے جانے نہیں دیا جائے گا، یا پکڑ لیا جائے گا، مجھے پتا ہے مجھے کون روک رہا ہے۔