4 Militants Killed in Security Forces Operation in Panjgur, Balochistan
پنجگور(الفجر آن لائن) بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقوں اپھان اور کوہِ پروم میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ کے تحت دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر خان یوسفزئی کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بابر خان یوسفزئی نے بتایا کہ اپھان اور کوہِ پروم میں کی جانے والی کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ کے تحت عمل میں لائی گئیں۔
انہوں نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بروقت کارروائیاں دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر پیش قدمی ہیں۔
معاون برائے داخلہ بلوچستان کے مطابق بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

