شہید ہونے والے افسران میں کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں،اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے انتہائی جوان مردی کا مظاہرہ کیا
علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، آئی ایس پی آر
راولپنڈی(الفجرآن لائن) ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارج جہنم واصل،۔ ترجمان افواج پاکستان آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے دو افسران سمیت 6 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی مٹی پر قربان۔ شہید ہونے والے افسران میں کیپٹن ابوذر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں افسران نے اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے انتہائی جوانمردی کا مظاہرہ کیا اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ 23 سالہ کیپٹن ابوذر فاروق کا تعلق ضلع گوجرانوالہ سے تھا، جبکہ 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر ضلع چکوال سے تعلق رکھتے تھے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جھڑپ کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو محفوظ بنانے اور دہشت گرد عناصر کی موجودگی ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عزم اور حوصلے کی علامت ہیں۔

