اسلام آباد (الفجرآن لائن): بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی چیرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سے سابق وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری اور پاکستان پیپلز پارٹی لیبر ونگ خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر شاہ ذوالقرنین نے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، محنت کش طبقے کو درپیش مسائل اور سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کے مستحق اور کم آمدن خاندانوں کو معاشی ریلیف اور سماجی تحفظ فراہم کرنے میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے واضع کیا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق، پروگرام میں شفافیت، ڈیجیٹل سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مستحق خواتین تک امداد کی براہِ راست رسائی کو مزید آسان اور شفاف بنایا جا رہا ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ محنت کش طبقے اور کم آمدن والے افراد کے لیے سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی کامیابی کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون مسلسل جاری رکھا جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری اور پی پی پی لیبر ونگ کے صوبائی صدر شاہ ذوالقرنین نے بی آئی ایس پی کے غریب دوست اقدامات اور حالیہ اصلاحات کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہا کہ مستحق خاندانوں تک شفاف طریقے سے ریلیف پہنچانے کے لیے پروگرام کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر چیرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا

