اسلام آباد (الفجرآن لائن): چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سینیٹر روبینہ خالد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ان کی سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے انتہائی کم عمری میں ملکی سیاست میں قدم رکھا اور اپنی انتھک جدوجہد سے ملک کے سیاسی منظر نامے پر ایک نمایاں اور تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو پامردی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ چیئرمین پی پی پی کی سیاست کا محور ہمیشہ آئین کی بالادستی، وفاق کی مضبوطی، جمہوریت کا تحفظ اور عوامی حقوق کی پاسداری رہا ہے۔ انہوں نے ہر دور میں پارلیمانی جمہوریت اور سیاسی مفاہمت کو ملکی استحکام کا ضامن قرار دیا ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نہ صرف پاکستان کے سیاسی مستقبل کے لیے ایک ناگزیر آواز ہیں بلکہ وہ ملک کے کروڑوں نوجوانوں کی سیاسی شمولیت اور ان کے روشن مستقبل کی حقیقی علامت بن چکے ہیں۔ ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے صفِ اول میں کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ بلاول بھٹو زرداری کو صحت، طویل عمر اور پاکستان کی خدمت کے اس سفر میں مزید کامیابیاں عطا فرمائے

