اسلام آباد(الفجرآن لائن) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سینیٹر روبینہ خالد نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امن صرف جنگوں کے خاتمے کا نام نہیں بلکہ معاشرے میں انصاف، مساوات، انسانی وقار اور تحفظ کا قیام ہی اصل امن ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دنیا بھر میں پائیدار امن کی بنیادیں مضبوط کرنے کے لیے غربت، بھوک اور معاشی محرومی کا خاتمہ سب سے اہم ضرورت ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ دنیا کے مختلف خطوں میں جاری تنازعات اور محاذ آرائی سے سب سے زیادہ عام شہری، خصوصاً خواتین اور بچے متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعات کے پُرامن حل، شہریوں کے تحفظ اور سفارت کاری کے راستے کو فروغ دینے کے لیے اپنا مؤثر ترین کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت تقسیم کے بجائے اتحاد اور نفرت کے بجائے انسانیت کے راستے پر چلنے کی ضرورت ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے سماجی و معاشی استحکام کو امن کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، روزگار اور سماجی تحفظ میں سرمایہ کاری کے بغیر دیرپا امن کا حصول ناممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک بھر کے محروم اور مستحق خاندانوں کو سماجی و معاشی تحفظ فراہم کر کے معاشرے میں استحکام لانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشرے کے کمزور طبقات اور خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی کیونکہ ایک پُرامن دنیا کی تعمیر حکومتوں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اگر آپ اس نیوز میں کوئی تبدیلی کرنا چاہتے ہیں، یا

