آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں امن کے قیام کی جانب مؤثر پیش رفت ہیں، بابر یوسفزئی
کوئٹہ (الفجر آن لائن): معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے ضلع کیچ کے علاقے میناز، بولیدہ میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ قدر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیاں امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر پیش رفت ہیں۔
بابر یوسفزئی کے مطابق دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں، جبکہ بلوچستان کے عوام ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات اہم ہیں۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔
معاون برائے داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے تحفظ اور امن دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون ضروری ہے۔

