تھرپارکر میں ایمبولینس میں سلنڈر دھماکہ، حافظ آباد میں بس نالے میں جاگری، 14 افراد جاں بحق، 44 زخمیمریضوں کو ایمبولینس میں بٹھایا جا رہا تھا تو اسی دوران سلنڈر فٹ کرتے ہوئے اچانک شدید دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی، بس کو حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا
حافظ آباد، تھرپارکر (الفجر آن لائن) ملک کے مختلف حصوں میں پیش آنے والے دو ہولناک حادثات کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، ان دلخراش واقعات نے ایک بار پھر انتظامی غفلت اور سفری حفاظتی اقدامات پر بڑے سوالیہ نشان کھڑے کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پہلا حادثہ سندھ کے علاقے نگرپارکر کے گاؤں ڈانو دھاندل میں بنیادی صحت مرکز کے احاطے میں پیش آیا، جہاں مریضوں کو منتقل کرنے کے لیے کھڑی ایک ایمبولینس میں سلنڈر دھماکہ ہوگیا،
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب مریضوں کو ریفر کرنے کے لیے ایمبولینس میں بٹھایا جا رہا تھا تو اسی دوران سلنڈر فٹ کرنے کے عمل میں اچانک شدید دھماکہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ بھڑک اٹھی۔
بتایا گیا ہے کہ اس المناک حادثے کے نتیجے میں 3 خواتین اور 6 بچوں یا مردوں سمیت مجموعی طور پر 9 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے،
اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ہیلتھ ایمرجنسی اور انتظامیہ کے حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور تمام جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال مٹھی منتقل کیا جہاں زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
دوسرا بڑا حادثہ پنجاب میں حافظ آباد کے قریب فتکی فلائی اوور پر پیش آیا جہاں مسافروں سے بھری ایک بس بے قابو ہو کر قریبی سیم نالے میں جا گری،
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ یہ مسافر بس لاہور سے چنیوٹ جا رہی تھی جس میں تقریباً 65 مسافر سوار تھے، سکھیکی کے قریب پیش آنے والے اس خوفناک حادثے کے نتیجے میں 5 مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 40 سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے۔

