لاہور(الفجر آن لائن ) لیسکو میں نیٹ میٹرنگ پالیسی کے تحت منظور ہونے والے سولر کنکشنز کی بلنگ نہ ہونے کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا، 25 کلوواٹ تک کے منظور شدہ سولر کنکشنز کی نیٹ میٹرنگ بلنگ کی منظوری کے اختیارات متعلقہ سرکلز کے سپرد کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل کو سولر کنکشنز کے کیسز کی جانچ پڑتال اور منظوری کے اختیارات دے دیے گئے ہیں نئی ہدایات کے تحت 25 کلوواٹ تک کے ان کنکشنز کی نیٹ میٹرنگ بلنگ کی منظوری متعلقہ سرکلز سے حاصل کی جا سکے گی،
جن کے کیسز مقررہ پالیسی کے تحت آتے ہیں نیٹ میٹرنگ پالیسی کے تحت 8 فروری تک جمع ہونے والے ڈیمانڈ نوٹسز پر بلنگ کی منظوری دی جائے گی،
تاہم صارفین کے لیے لیسکو کے ساتھ 8 فروری سے قبل معاہدہ ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت پاور ڈویژن نے بھی 8 فروری تک جمع ہونے والی درخواستوں کے لیے نیٹ میٹرنگ کی منظوری دی تھی۔
دوسری جانب لیسکو میں 25 کلوواٹ تک کے متعدد سولر کنکشنز کی بلنگ تاحال التوا کا شکار ہے،
جس کے باعث صارفین نیٹ میٹرنگ کے بجائے قومی ٹیرف کے مطابق بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہیں بلنگ میں تاخیر سے سولر صارفین کو مالی مشکلات کا سامنا ہے.

