BITE 2026 میں قومی کمپنیوں اور مقامی کاروباری اداروں کو مصنوعات کی نمائش، نئی منڈیوں تک رسائی اور کاروباری روابط کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، بلال خان کاکڑ
کوئٹہ (الفجر آن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور مقامی مصنوعات کو قومی سطح پر متعارف کرانے کے لیے بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام صوبے کی تاریخ کی پہلی بلوچستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026)، 18 اور 19 نومبر کو منعقد ہوگی۔
ایکسپو کے انعقاد کا اعلان بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے بیوٹمز میں منعقدہ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان، بیوٹمز کے شعبہ معاشیات کے پروفیسر احسن اچکزئی اور رضاکار طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
بلال خان کاکڑ نے کہا کہ ایکسپو کا مقصد بلوچستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع اجاگر کرنا، مقامی کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات متعارف کرانے کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں قومی سطح کی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری روابط قائم کرنے میں معاونت دینا ہے۔ ملک بھر کی معروف کمپنیوں کے ساتھ بلوچستان کے مقامی کاروباری ادارے بھی اس نمائش میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا وژن نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ کاروبار، جدت اور کاروباری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں روزگار تلاش کرنے کے بجائے دوسروں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔
وائس چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ اس مقصد کے لیے ملک بھر کی کاروباری برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہا ہے۔ BITE 2026 کے ذریعے مقامی کاروباری اداروں کو اپنی مصنوعات کی تشہیر، نئی منڈیوں تک رسائی اور کاروباری روابط کے فروغ کے مواقع میسر آئیں گے۔
تقریب میں نوجوانوں کی شرکت کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں کاروباری سرگرمیوں سے منسلک کرنے کے لیے ایسے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔

