بلوچستان کو دہشت گردی، نوجوانوں کی سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کن ذہن سازی اور پسماندگی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، وزیر اعلیٰ کا یو ایم ٹی کانووکیشن سے خطاب
لاہور (الفجر آن لائن): وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو اس وقت تین بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں مسلح تشدد، سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی اور پسماندگی شامل ہیں۔ بلوچستان کے مسائل کا حل بندوق نہیں بلکہ مکالمہ، تعلیم اور جمہوری عمل ہے۔
یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تشدد کو محرومی اور پسماندگی سے جوڑ کر اس کا جواز پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، حالانکہ مسلح تشدد کسی سیاسی یا نظریاتی مؤقف کا جواز نہیں بن سکتا۔ مسلح جتھوں کی جانب سے شہریوں کو قتل کرنا اور خوف و ہراس پھیلانا ایک سنگین چیلنج ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کی ذہن سازی اور انہیں گمراہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اس لیے نوجوانوں میں حقائق اور پروپیگنڈے کے درمیان فرق سمجھنے کی صلاحیت پیدا کرنا ضروری ہے۔ جامعات شعور، دلیل اور تنقیدی سوچ کو فروغ دے کر اس حوالے سے اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کو سمجھنے کے لیے گمراہ کن بیانیوں کے بجائے حقائق کو سامنے رکھنا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ یو ایم ٹی کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کرنا خوش آئند ہے، جبکہ پنجاب کی جامعات کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کی معاونت بین الصوبائی ہم آہنگی کی مثبت مثال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت بلوچستان 80 فیصد سے زائد طلبہ کو 80 فیصد اسکالرشپ پر تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم اور استعدادِ کار میں سرمایہ کاری دراصل بلوچستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ تعلیم ہی نوجوانوں کو انتہا پسندی، تشدد اور گمراہ کن نظریات سے محفوظ رکھنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ گریجویشن اختتام نہیں بلکہ عملی زندگی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ کامیابی کے لیے محنت، دیانت داری اور مستقل مزاجی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بلند اہداف مقرر کریں اور اپنی صلاحیتوں کو ملک و قوم کی ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔

