اینٹی کرپشن عدالت نے دونوں ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر قیدِ بامشقت اور جرمانے کی سزا سنا دی، مجرمان کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا گیا
کوئٹہ، 31 اکتوبر (الفجر آن لائن): بلوچستان کی خصوصی عدالت برائے انسدادِ بدعنوانی کوئٹہ نے نصیر آباد محکمہ واٹر مینجمنٹ میں کرپشن کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ عبدالقدوس مینگل اور ٹھیکیدار عبدالمجید کو مجموعی طور پر 9، 9 سال قیدِ بامشقت اور جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کے ترجمان کے مطابق خصوصی عدالت کے جج نجیب اللہ خان کاکڑ نے مقدمہ نمبر 03/2025، ایف آئی آر نمبر 01-N/2024 میں ٹرائل مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر مجرم قرار دیا۔
عدالت نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 420 کے تحت ہر ملزم کو دو سال قیدِ بامشقت اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید دو ماہ قید کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ انسدادِ بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5(2) کے تحت دونوں کو سات، سات سال قیدِ بامشقت کی سزا بھی سنائی گئی۔
فیصلے کے فوری بعد عدالت کے حکم پر دونوں مجرمان کو گرفتار کرکے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ منتقل کر دیا گیا، جہاں سے انہیں سینٹرل جیل مچھ منتقل کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ نے اس کامیابی پر تفتیشی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

