لاہور (الفجرآن لائن) فخر زمان کی سنچری،سعد بیگ کے ساتھ بہترین شراکت داری، عرفان منہاس کی دھواں دھار اننگزنے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ میں پہلی بار سہ ملکی سیریز کا چیمپئن بنا دیا،۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں قومی ٹیم نے 326 رنز کا ہدف 9 گیندیں قبل حاصل کیا، فخر زمان کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا جبکہ عرفات منہاس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے فائنل میں ہدف کے تعاقب میں ابتدائی دو وکٹیں صرف 14 رنز پر گرنے کے باوجود فخر زمان کی شاندار سنچری اور سعد بیگ کے ساتھ ان کی اہم شراکت داری نے پاکستان کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔
سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا۔
معاذ صداقت 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ سابق کپتان بابر اعظم کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔ دونوں کھلاڑی سری لنکن فاسٹ بولر دلشان مدھوشناکا کا شکار بنے۔اس مشکل صورتِ حال میں فخر زمان اور سعد بیگ نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز پر دباؤ بڑھایا۔
دونوں کے درمیان 149 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، جس نے پاکستان کو ابتدائی نقصان سے نکال کر جیت کی راہ پر گامزن کیا۔سعد بیگ نے 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تاہم 27ویں اوور میں مہیش تھیکشانا کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسری جانب فخر زمان نے اپنی شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کی 12ویں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 99 گیندوں پر 127 رنز بنائے،
ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔فخر زمان کے 34ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد سلمان علی آغا بھی پویلین لوٹ گئے، جس سے سری لنکا کو مقابلے میں واپسی کا موقع ملا، تاہم پاکستانی بلے بازوں نے ہدف کے تعاقب کو کامیابی سے مکمل کیا اور ٹیم کو ٹائٹل جتوا دیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ سری لنکا کی جانب سے کامندو مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 131 رنز بنائے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔ ان کی اننگز میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
پون رتھنائیکے نے 77 جبکہ اوشکا فرنانڈو نے 38 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 80 رنز دیے، جبکہ حارث رؤف نے اپنے 10 اوورز میں 60 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فائنل کے لیے قومی ٹیم میں شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا تھا۔ پاکستان کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشل مینڈس نے کی۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ میں بھی شرکت کی۔

