355 طلبہ و طالبات کی شرکت، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لعل جان جعفر نے کامیاب شرکاء میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کیں
کوئٹہ (الفجر آن لائن) سیکرٹری محکمہ اسکول ایجوکیشن بلوچستان لعل جان جعفر نے کہا ہے کہ طلبہ و طالبات کی ذہنی، علمی اور جسمانی نشوونما کے لیے نصابی تعلیم کے ساتھ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ سائنس، کھیلوں اور تخلیقی مقابلوں سے طلبہ میں خود اعتمادی، تحقیق، تخلیقی سوچ اور صحت مند مسابقت کا جذبہ فروغ پاتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے 7 نومبر 2026ء کو پاکستان چلڈرنز اکیڈمی ٹرسٹ کوئٹہ کے زیر اہتمام انٹر اسکول بیڈمنٹن چیمپئن شپ، اسپیلنگ بی مقابلے اور سائنس اولمپیاڈ کے فائنلز اور تقسیم انعامات کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دس روزہ مقابلوں کا آغاز 28 اکتوبر 2026ء کو ہوا تھا، جن میں کوئٹہ کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ مجموعی طور پر 355 طلبہ و طالبات نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن لعل جان جعفر نے اپنے خطاب میں بیگم ثاقبہ رحیم الدین کی دوراندیشانہ سوچ اور نوجوان نسل کی تعلیمی و ہم نصابی تربیت کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنا ان کی شخصیت سازی اور مستقبل کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے بلوچستان میں سائنسی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سائنس کے مضامین کے تعلیمی نتائج تاریخی طور پر تسلی بخش نہیں رہے۔ سائنس اولمپیاڈ جیسے مقابلے طلبہ میں تجسس، تحقیق اور سائنسی علوم سے دلچسپی پیدا کرنے کے ساتھ انہیں سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان چلڈرنز اکیڈمی ٹرسٹ کی انتظامیہ کو منظم اور بامقصد ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
مقابلوں کے نتائج کے مطابق اسپیلنگ بی میں امت پبلک اسکول کوئٹہ نے پہلی جبکہ بیگم ثاقبہ اسکول آف ماڈرن ایج نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بیڈمنٹن گرلز سنگلز میں بھی امت پبلک اسکول نے پہلی اور بیگم ثاقبہ اسکول آف ماڈرن ایج نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بوائز جونیئرز سنگلز میں پاک عرب انٹرنیشنل اسکول نے پہلی جبکہ سی بی اسکول نے دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔ بوائز سینئرز سنگلز میں ہورائزن اسکول نے پہلی اور دوسری دونوں پوزیشنیں حاصل کیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی لعل جان جعفر اور اکیڈمی کے نمائندوں نے کامیاب طلبہ و طالبات میں ٹرافیاں، میڈلز اور پوزیشن سرٹیفکیٹس تقسیم کیے، جبکہ دیگر شرکاء کو بھی شرکت کی اسناد پیش کی گئیں۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں سائنس، کھیلوں اور دیگر مثبت ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایسی کاوشوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔

