لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب پولیس کی رپورٹ جمع، 2 ہزار 806 خواتین کی بازیابی کی تصدیق، سال 2025 کے 148 کیسز تاحال زیرِ التوا
لاہور (الفجر آن لائن) پنجاب میں گزشتہ پانچ سال کے دوران خواتین کی گمشدگی اور مبینہ اغوا کے 3 ہزار 258 واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے 2 ہزار 806 خواتین کو بازیاب کرایا جا چکا ہے، تاہم 452 خواتین تاحال لاپتہ ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے حکم پر پنجاب پولیس نے خواتین کی گمشدگی اور بازیابی سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق سال 2021 سے 22 اپریل 2026 تک صوبے بھر میں خواتین کے لاپتہ ہونے اور مبینہ اغوا کے مجموعی طور پر 3 ہزار 258 کیسز رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 22 اپریل سے یکم جون 2026 تک ایک ہزار 405 خواتین کو بازیاب کرایا گیا، جبکہ یکم جون سے 4 نومبر 2026 تک مزید ایک ہزار 401 خواتین کی بازیابی ممکن ہوئی۔ اس طرح پولیس کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 2 ہزار 806 خواتین بازیاب ہوچکی ہیں، جبکہ 452 خواتین کی تلاش تاحال جاری ہے۔
عدالت میں پیش کیے گئے سال وار اعدادوشمار کے مطابق 2021 میں لاپتہ ہونے والی 54 خواتین تاحال بازیاب نہیں ہوسکیں، جبکہ 2022 کے 56 کیسز میں خواتین کی بازیابی باقی ہے۔ اسی طرح 2023 میں لاپتہ ہونے والی 84، 2024 میں 110 اور 2025 میں لاپتہ ہونے والی 148 خواتین کے کیسز تاحال زیرِ التوا ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق لاپتہ خواتین کی تلاش اور بازیابی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے خواتین کی گمشدگی سے متعلق تفصیلات طلب کی تھیں، جس کے جواب میں پنجاب پولیس نے گزشتہ پانچ سال کے اعدادوشمار عدالت میں پیش کیے۔

