مٹھی اور بدین میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن مستحق خواتین اور ان کے خاندانوں کے مسائل سنیں گی، تھرپارکر میں 1 لاکھ 26 ہزار سے زائد خواتین کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ، 1 لاکھ 68 ہزار سے زائد بچے تعلیمی وظائف سے مستفید ہورہے ہیں
اسلام آباد (الفجر آن لائن) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد سندھ کے خصوصی دورے کے دوران تھرپارکر، مٹھی اور بدین کا دورہ کریں گی، جہاں وہ بی آئی ایس پی کے تحت جاری سماجی تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ مستحق خواتین اور ان کے خاندانوں سے براہِ راست ملاقاتیں کریں گی اور ان کے مسائل و شکایات سنیں گی۔ 7 نومبر 2026 کو جاری کردہ بی آئی ایس پی کی پریس ریلیز نمبر 93 کے مطابق اس دورے کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں مستحق خاندانوں کو فراہم کی جانے والی مالی معاونت اور دیگر سہولیات کی مؤثریت کا جائزہ لینا ہے۔
بی آئی ایس پی کے مطابق ضلع تھرپارکر خشک سالی اور معاشی مشکلات سے شدید متاثر ہونے کے باعث پروگرام کی خصوصی توجہ کا مرکز رہا ہے، جہاں مستحق خاندانوں کی مالی معاونت اور سماجی تحفظ کے ذریعے ان کی مشکلات کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ضلع میں بینظیر کفالت پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 126,044 مستحق خواتین رجسٹرڈ ہیں، جبکہ 123,320 خواتین کو سمز جاری کی جاچکی ہیں، جو مجموعی رجسٹرڈ خواتین کی 97.84 فیصد کوریج ظاہر کرتی ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق بینظیر نشوونما پروگرام کے تحت ضلع تھرپارکر میں 43,091 مستحقین مستفید ہورہے ہیں، جن میں 23,044 حاملہ خواتین اور 20,047 بچے شامل ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد ماؤں اور بچوں کی غذائی ضروریات کو بہتر بنانے اور غذائی قلت کے مسائل پر قابو پانے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ اسی طرح بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام کے تحت ضلع کے 4,499 اسکولوں میں مستحق خاندانوں کے 168,776 بچے رجسٹرڈ ہیں، جنہیں تعلیم کے حصول میں مالی معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
نوجوانوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے بینظیر ہنرمند پروگرام کے تحت بھی اقدامات جاری ہیں۔ بی آئی ایس پی کے مطابق بی بی ایس ایچ آر آر ڈی بی کے بیچ میں 48 افراد فنی تربیت حاصل کررہے ہیں، تاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بناکر معاشی سرگرمیوں میں شامل کیا جاسکے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2026 کے دوران قومی سماجی و معاشی رجسٹری (این ایس ای آر) کے تحت ضلع تھرپارکر میں 4,281 سروے مکمل کیے گئے، جبکہ دور دراز علاقوں میں مستحق خاندانوں کی رجسٹریشن اور معلومات کے اندراج کے لیے ایک موبائل رجسٹریشن وین بھی مختص کی گئی ہے۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق چیئرپرسن روبینہ خالد اپنے دورے کے دوران مستحق خواتین اور ان کے اہل خانہ سے براہِ راست گفتگو کریں گی، ان کی شکایات اور مسائل سنیں گی اور پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیں گی۔ اس دورے کا بنیادی مقصد سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانا اور مستحق خاندانوں تک مالی معاونت، تعلیم، غذائیت اور فنی تربیت کے مواقع کی رسائی یقینی بنانا ہے۔

