میر سرفراز بگٹی نے بے سہارا بچوں کے لیے امینہ شفیع کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کسی بچے کو وسائل کی کمی کے باعث تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے خضدار کی متحرک سماجی رہنما امینہ شفیع نے ملاقات کی، جس میں یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے ان کی سماجی خدمات کو سراہا گیا۔ امینہ شفیع خضدار میں اپنی مدد آپ کے تحت مستحق اور یتیم بچوں کی دیکھ بھال، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے عملی جدوجہد کر رہی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے یتیم اور بے سہارا بچوں کی ذمہ داری اٹھانے پر امینہ شفیع کے جذبے، حوصلے اور خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اصل عظمت دوسروں کے دکھ درد کو اپنا سمجھنے اور بے سہارا افراد کا سہارا بننے میں ہے۔ امینہ شفیع جیسی باہمت خواتین معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جو اپنی عملی جدوجہد سے انسانیت، ہمدردی اور احساسِ ذمہ داری کی روشن مثال قائم کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم کی ذمہ داری اٹھانا محض سماجی خدمت نہیں بلکہ ایک عظیم انسانی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ کسی بچے کو صرف وسائل کی کمی کے باعث تعلیم اور بہتر مستقبل کے مواقع سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ ریاست ایسے درد مند اور باہمت افراد کی حوصلہ افزائی کرے گی جو معاشرے کے محروم اور ضرورت مند طبقات کی بہتری کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے امینہ شفیع کو ان کی سماجی خدمات جاری رکھنے اور یتیم بچوں کی کفالت و تعلیم کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم، تحفظ اور بہتر مستقبل کے لیے امینہ شفیع کی کوششوں میں صوبائی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے معاشرے کے مخیر حضرات اور صاحبِ استطاعت افراد پر بھی زور دیا کہ وہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی تعلیم، تربیت اور کفالت کے لیے آگے آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بچے کی زندگی میں امید کا چراغ روشن کرنا درحقیقت پورے معاشرے کے مستقبل کو روشن کرنے کے مترادف ہے۔

