میر سرفراز بگٹی کا بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور مساوی حقوق کے فروغ پر زور، ہندو برادری کے لیے خوشحالی اور سلامتی کی نیک تمناؤں کا اظہار
کوئٹہ (الفجر آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہندو برادری کو دیوالی کے تہوار پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیوالی محبت، بھائی چارے، امن اور روشنی کا خوبصورت پیغام دیتی ہے۔ ایسے تہوار معاشرے میں باہمی احترام، رواداری اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ذریعہ بنتے ہیں۔
اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں آباد تمام اقلیتی برادریاں قومی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ ہندو برادری نے بھی پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی احترام ایک پرامن اور مضبوط معاشرے کی بنیادی اقدار ہیں۔ بلوچستان میں تمام شہریوں کو مذہب اور عقیدے سے بالاتر ہوکر مساوی حقوق اور مذہبی آزادی حاصل ہے، جبکہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے جان و مال، مذہبی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیوالی کا تہوار نفرتوں اور تعصبات کے خاتمے اور محبت، برداشت و بھائی چارے کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے ہندو برادری کے لیے خوشیوں، سلامتی، ترقی اور کامیابیوں کی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تہوار معاشرے میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کے جذبے کو مزید مستحکم کرنے کا باعث بنے گا۔

