۔ 14 سال قید کی سزا بلوچستان آرمز ایکٹ کے تحت اضافی 7 سال قید کی سزا بھی دی گئی۔
تربت (الفجرآن لائن) انسدادِ دہشت گردی عدالت نے کالعدم تنظیموں سے وابستگی اور سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزم ساجد احمد کو جرم ثابت ہونے پر 14 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے ملزم کو بلوچستان آرمز ایکٹ کے تحت اضافی 7 سال قید کی سزا بھی سنائی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم کو پنجگور میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جہاں اس کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کے دوران مبینہ طور پر اہم انکشافات سامنے آئے۔پراسیکیوشن کے مطابق ساجد احمد پر کالعدم تنظیموں سے روابط رکھنے، اور مبینہ طور پر مختلف سرگرمیوں میں سہولت کاری سمیت نوجوانوں کو متاثر کرنے اور بھرتی کے لیے اکسانے کے الزامات ثابت ہوئے۔
یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ وہ ایک مخصوص نیٹ ورک کے ذریعے سرگرم تھا جس کے بارے میں سیکیورٹی ادارے طویل عرصے سے نگرانی کر رہے تھے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پیش کردہ شواہد، گواہوں کے بیانات اور برآمدگی کی بنیاد پر ملزم پر عائد الزامات ثابت ہوتے ہیں، جس کے بعد سزا سنائی گئی۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق اس کیس کا تعلق انسدادِ دہشت گردی اقدامات کے وسیع سلسلے سے ہے، جس کا مقصد ملک میں پرتشدد نیٹ ورکس اور ان کے مبینہ سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کو مؤثر بنانا ہے۔
دوسری جانب عدالتی فیصلے کے بعد سیکیورٹی حلقوں میں اس معاملے کو خطے میں سرگرم مبینہ نیٹ ورکس اور ان کے روابط کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں
