ملزمان سے اسلحہ، 4 لاکھ روپے اجرت کی رقم (سپاری)اور دو کاریں برآمد‘سی پی او کی شاباش۔
راولپنڈی(الفجرآن لائن)تھانہ نصیر آباد پولیس نے بروقت کارروائی میں اجرتی قاتلوں کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب کر کے شہری کو قتل کرنے کے لئے خیبرپختونخوا سے آئے 4 اجرتی قاتل گرفتار کر لئے گرفتار ملزمان سے اسلحہ، 4 لاکھ روپے اجرت کی رقم (سپاری)اور دو کاریں برآمد کر لیں۔
پولیس کے مطابق اجرتی قاتل گینگ نے 50 لاکھ روپے (سپاری)کے عوض شہری کو اغوا کر کے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا پولیس ترجمان کے مطابق اجرتی قاتل گینگ کے زیر استعمال گاڑیوں پر جعلی نمبر پلیٹیں لگائی گئیں تھیں جبکہ گینگ کے بنک اکانٹ میں منتقل کی گئی رقم (سپاری)عدالتی عمل کے بعد برآمد کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق گینگ قبل ازیں کے پی کے میں دہشت گردی، قتل، منشیات اور اسلحہ جیسے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیے جنہوں نے شہری کو موقع پر قتل کرنے کی اجرت (سپاری) 20 لاکھ روپے اور اغوا کرکے ہری پور پہنچانے کی اجرت (سپاری) 50 لاکھ روپے طے ہوئی۔
تاہم نصیر آباد پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر چیک کیا تو ملزم سے اسلحہ برآمد ہوا اور گاڑی کو جعلی نمبر پلیٹ لگنی پائی گئی مزید تفتیش پر ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ اجرتی قاتل گینگ سے ہے اور ایک شہری کی سپاری لے کر 3 ساتھیوں کے ساتھ راولپنڈی آیا ہے ۔
پولیس نے ملزم کے تین دہگر ساتھیوں کو گرفتار کرکے ان کے زیر استعمال گاڑی اور اسلحہ بھی قبضہ میں لے لی ابتدائی تفتیش میں گینگ نے انکشاف کیا کہ ہری پور کے پی کے سے ایک شخص نے راولپنڈی میں ایک شہری کو قتل کرنے کی سپاری لی تھی پولیس نے سپاری دینے والے شخص کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ نصیر آباد جاوید سلہریا کے مطابق اجرتی قاتلوں کے گینگ کے دیگر ساتھیوں سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا ادھر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے اجرتی قاتلوں کے گینگ کو گرفتار کر کے شہری کی قیمتی جان بچانے پر ایس پی پوٹھوہار، ڈی ایس پی کینٹ، ایس ایچ او نصیر آباد اور ٹیم کو شاباش دی ہے۔
اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں خاندانی دشمنی میں اب تک متعدد افراد قتل ہوچکے ہیں اجرتی قاتلوں اور قبضہ مافیا کا یہ گینگ بیرون ملک سے آپریٹ کیا جاتا ہے اور گینگ کا اہم رکن اڈیالہ جیل میں بند ہے
