ریکٹر اسکیل پر شدت 5.4 ریکارڈ، مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ٓ
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور اور خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں پیر کی سہ پہر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گے ۔
جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلہ سہ پہر 3 بج کر 22 منٹ (پاکستانی وقت) پر ریکارڈ کیا گیا۔
زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 جبکہ اس کی گہرائی 215 کلو میٹر تھی۔محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا، جس کے نقاط شمالی عرض البلد 36.44 ڈگری اور مشرقی طول البلد 70.70 ڈگری ریکارڈ کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع اور اسلام آباد میں محسوس کیے گئے، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
