تنظیمی پالیسیوں اور حالیہ سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہوئے نوجوانوں کو پرامن اور مثبت سیاسی عمل کی طرف واپس آنے کی اپیل
مظفرآباد (الفجر آن لائن) آزاد جموں و کشمیر میں سرگرم کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو اس وقت ایک اور بڑا دھچکا لگا جب اس کے کور ممبر انجم زمان اعوان نے تنظیم سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
انجم زمان اعوان کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں انہوں نے تنظیمی پالیسیوں اور حالیہ سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہوئے نوجوانوں کو پرامن اور مثبت سیاسی عمل کی طرف واپس آنے کی اپیل کی۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بعض نعروں اور بیانیوں کے ذریعے گمراہ کیا جا رہا ہے اور انہیں ایسے راستوں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جو ان کے مستقبل کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر نوجوانوں کو ورغلا کر قانون شکنی کی طرف لے جا رہے ہیں۔انجم زمان اعوان نے مزید کہا کہ وہ ایسی کسی بھی سیاست سے خود کو الگ کرتے ہیں جس سے علاقے میں بدامنی یا انتشار کو فروغ ملتا ہو، اور انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کسی ایسے گروہ کا حصہ نہ بنیں جس سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہو۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی تنظیم کے ایک اور کور ممبر امجد علی خان ایڈووکیٹ کی جانب سے اسی نوعیت کی لاتعلقی سامنے آ چکی ہے، جس کے بعد تنظیم کے اندرونی اختلافات اور تقسیم کی خبروں کو تقویت ملی ہے۔
سیاسی و تجزیاتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے اعلانات سے تنظیمی ڈھانچے اور بیانیے پر اثر پڑ سکتا ہے، جبکہ علاقے میں سیاسی سرگرمیوں کے مستقبل کے حوالے سے نئی بحث بھی شروع ہو گئی ہے
