نئی دہلی(الفجر آن لائن)بھارت کی ریاست تامل ناڈو کی حکومت نے اپنے پہلے بجٹ برائے 2026 میں شادی کرنے والی خواتین کے لئے سونے کا سکہ اور ریشم کی ساڑھی بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل ناڈو کی ڈی ایم کے حکومت کا بجٹ ریاستی وزیر خزانہ ڈاکٹر این میری ولسن نے اسمبلی میں پیش کیا، جس میں عوامی فلاح، تعلیم اور کھیلوں کے فروغ کے لیے متعدد اہم اعلانات کئے گئے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ برادرز گفٹ سکیم کے تحت شادی کرنے والی خواتین کو 8 گرام سونے کا سکہ اور ریشم کی ساڑھی فراہم کی جائے گی، اس منصوبے کیلئے 812 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
بجٹ میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، حکومت نے ریاست بھر میں 10 اولمپک سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کرنے کے لئے 5.50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، اس اقدام کا مقصد اولمپک مقابلوں میں طلائی تمغے حاصل کرنا اور تمل ناڈو کو بین الاقوامی کھیلوں میں نمایاں مقام دلانا ہے۔
اے آئی کے فروغ کے حوالے سے بھی اہم اعلان کیا گیا، وزیر خزانہ کے مطابق حکومت کا ہدف ہے کہ 2031 تک ریاست کے انجینئرنگ کالجوں، پولی ٹیکنک اداروں اور انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس (آئی ٹی آئیز) میں زیر تعلیم 5 لاکھ طلبہ کو مصنوعی ذہانت کی مہارتوں کی تربیت فراہم کی جائے، تاکہ انہیں جدید ٹیکنالوجی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

