25 فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانے، 28 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری؛ دودھ میں پانی اور سکمڈ ملک پاؤڈر کی ملاوٹ پر 4 دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی
کوئٹہ (الفجر آن لائن) عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ، حب اور خضدار میں کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مجموعی طور پر 25 فوڈ بزنس یونٹس پر جرمانے عائد کیے، 28 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے، جبکہ دو سویٹ سپاری یونٹس سیل کر دیے۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ میں کارروائیوں کے دوران سکینہ پلازہ، مکران روڈ پر بغیر لائسنس مشتبہ خشک دودھ پاؤڈر کی پراسیسنگ اور پیکنگ کرنے والے یونٹ کو سیل کر دیا گیا اور انتظامیہ کو مزید تحقیقات کے لیے طلب کر لیا گیا۔ اسی طرح قلات روڈ پر بغیر لائسنس اور پروڈکٹ رجسٹریشن، ناقص صفائی اور غیر معیاری اسٹوریج پر ایک سویٹ سپاری یونٹ کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔
پشتون آباد میں نمکو پراسیسنگ یونٹ کو غیر معیاری کوکنگ آئل کے استعمال اور صفائی و اسٹوریج کے ناقص انتظامات پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ مکران روڈ پر بغیر لائسنس پکوان ہاؤس اور سرکی روڈ پر ڈسٹری بیوشن سینٹر کے خلاف بھی فوڈ سیفٹی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
شہر کے دیگر علاقوں خدائیداد روڈ، کاسی روڈ اور جوائنٹ روڈ پر ہوٹلز، پیزا شاپس، فاسٹ فوڈ پوائنٹس، بیکریز اور ڈیپارٹمنٹل اسٹورز کا معائنہ کیا گیا۔ متعدد مراکز کو صفائی کی ناقص صورتحال، ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت میں غفلت، کھلے کوڑے دان، زنگ آلود ریفریجریٹرز، حشرات کی موجودگی، اشیائے خورونوش پر تیاری اور اختتامی تاریخیں درج نہ کرنے اور خوراک کو نامناسب طریقے سے ذخیرہ کرنے پر جرمانے کیے گئے۔
دودھ کے معیار کی جانچ کے لیے سمنگلی روڈ اور طوغی روڈ پر مختلف ملک شاپس کا معائنہ بھی کیا گیا۔ موقع پر لیے گئے نمونوں کی جانچ کے دوران دودھ میں پانی اور سکمڈ ملک پاؤڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر چار دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ معمولی نقائص پر پانچ دکانوں کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔
دوسری جانب حب سٹی کے بھوانی اور آر سی ڈی ایریاز میں 22 فوڈ بزنس یونٹس کا معائنہ کیا گیا، جہاں 10 مراکز پر جرمانے عائد اور سات کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ دو جنرل اسٹورز پر زائدالمیعاد اشیاء اور ممنوعہ گٹکے کی موجودگی، جبکہ ریسٹورنٹس میں ناقص صفائی، ممنوعہ چائنیز نمک، غیر معیاری اسٹوریج، نان فوڈ گریڈ رنگوں کے استعمال اور حشرات کی روک تھام کے ناکافی انتظامات پر کارروائی کی گئی۔ اس کے علاوہ متعدد کاروباری مراکز کے مالکان میں لائسنس کے حصول کے لیے درخواست فارم بھی تقسیم کیے گئے۔
بی ایف اے حکام کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیمیں صوبے بھر میں خوراک کی تیاری، ذخیرہ کرنے، پراسیسنگ اور فروخت کے مراکز کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ غیر معیاری اور مضرِ صحت اشیائے خورونوش کی روک تھام اور عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

