وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ کی کاروباری طبقے کو مالی مشکلات سے نکالنے کے لیے مؤثر تعاون کی درخواست؛ ایگزم بینک کے صدر و سی ای او شہباز ایچ سید کا مثبت دلچسپی کا اظہار
کوئٹہ (الفجر آن لائن) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ سے ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان (EXIM Bank) کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر شہباز ایچ سید نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان کے کاروباری طبقے کو درپیش مالی مشکلات، بالخصوص قرضوں کے حصول میں رکاوٹوں اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بی بی او آئی ٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے شہریار خان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے تاجروں، صنعت کاروں، برآمد کنندگان اور درآمد کنندگان کو کاروبار کی توسیع کے لیے مالی معاونت اور قرضوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایگزم بینک اس حوالے سے اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور صوبے کے کاروباری افراد کو آسان شرائط پر قرضوں اور دیگر مالی سہولیات کی فراہمی میں تعاون کرے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کو مناسب مالی معاونت کی فراہمی سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے میں مدد ملے گی بلکہ بلوچستان کے تاجروں اور صنعت کاروں کو ملکی و بین الاقوامی تجارت میں بھی مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔
ایگزم بینک کے صدر و سی ای او شہباز ایچ سید نے بلوچستان کے کاروباری طبقے کو مالی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثبت دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے اس شعبے میں تعاون کو آگے بڑھانے اور کاروباری افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کو بلوچستان میں کاروباری ماحول بہتر بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور تاجروں و صنعت کاروں کے لیے مالی سہولیات تک رسائی آسان بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

