،حملہ آور نے خود کشی کرلی حملہ آور نے اسکول پہنچنے سے قبل اپنے دادا اور دادی کو بھی قتل کیا، پولیس حکام
بینکاک (الفجر آن لائن) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 5 اساتذہ اور 2 طلبہ بھی شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد مبینہ حملہ آور نے خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ مبینہ طور پر اسی اسکول کے نویں جماعت کے 14 سالہ طالب علم نے کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے اسکول پہنچنے سے قبل اپنے دادا اور دادی کو بھی قتل کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، طبی عملہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ حملہ آور کے فائرنگ کرنے کے محرکات کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
ایک 18 سالہ طالب علم نے بتایا کہ ابتدا میں اسے فائرنگ کی آواز کا اندازہ نہیں ہوا اور اسے لگا کہ شاید آتش بازی ہورہی ہے یا کوئی شخص کسی چیز پر زور زور سے ضربیں لگا رہا ہے۔
اس کے مطابق مسلسل فائرنگ کے بعد اچانک خاموشی چھا گئی، تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ فائرنگ شروع ہوگئی۔تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے واقعے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فائرنگ کی مذمت کی ہے۔

