کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خیبر پختونخوا کے علاقے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے خوارج کے خلاف بڑی کامیابی پر فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہنگو آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے افسر کیپٹن حمزہ اکرم کو ماتی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم شہید نے وطنِ عزیز کے امن کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے شجاعت کی نئی داستان رقم کی ہے۔ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کے لیے صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور شہداء کا بہنے والا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں رِیاست کے دشمنوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جائے پناہ نہیں ہے، اور جو کوئی بھی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف آہنی ہاتھوں سے کارروائی جاری رہے گی۔
اپنے بیان کے آخر میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے عزم کا اظہار کیا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انھی عظیم قربانیوں کی بدولت پاکستان بہت جلد پائیدار امن، ترقی اور استحکام کی منزل حاصل کر لے گا۔

