بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بورڈ نے پاک آسٹریا فاخ ہوخشولے ہری پور کے اشتراک سے تربیتی منصوبے کی منظوری دے دی، کم از کم 50 فیصد نشستیں خواتین کے لیے مختص ہوں گی، شرکاء کو بین الاقوامی معیار کی مہارتوں اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اسلام آباد(الفجرآن لائن) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے بورڈ نے پاک آسٹریا فاخ ہوخشولے انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (PAF-IAST)، ہری پور کے اشتراک سے مستحق افراد کے لیے رہائشی بنیادوں پر فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت کے پائلٹ پروگرام کی منظوری دے دی ہے۔ 6 نومبر 2026ء کو جاری کردہ سرکاری پریس ریلیز کے مطابق اس منصوبے کے تحت ملک بھر سے بی آئی ایس پی کے 300 مستحقین کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ جدید فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ بہتر روزگار حاصل کرنے اور پائیدار ذرائع معاش قائم کرنے کے قابل ہوسکیں۔ پروگرام میں تین اہم شعبوں کو ترجیح دی جائے گی، جن میں مہمان نوازی کا انتظام اور سیاحتی خدمات، صحت کی سہولیات اور مریضوں کی دیکھ بھال، جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتیں شامل ہیں۔
خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے لیے تربیتی پروگرام میں کم از کم 50 فیصد شرکت خواتین کی یقینی بنائی جائے گی۔ منصوبے کے تحت شرکاء کو صرف تربیت ہی فراہم نہیں کی جائے گی بلکہ انہیں ممکنہ آجروں سے رابطے، کیریئر رہنمائی، پیشہ ورانہ ماحول سے آگاہی اور متعلقہ صنعتوں کے عملی مشاہدے کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ منتخب شعبوں میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹس کے حصول میں بھی معاونت کی جائے گی، تاکہ تربیت حاصل کرنے والے افراد ملکی اور عالمی لیبر مارکیٹ میں بہتر مواقع حاصل کرسکیں۔ بی آئی ایس پی کے مطابق یہ پائلٹ منصوبہ رہائشی بنیادوں پر مہارتوں کی ترقی کے ماڈل کی افادیت جانچنے اور مستقبل میں اس کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لینے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد روایتی مالی معاونت سے آگے بڑھ کر مستحق خاندانوں کے افراد کو ہنرمند بنانا، انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا اور معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے مستحق گھرانوں کے نوجوانوں اور خواتین کو اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے اور مستقل آمدن کے ذرائع پیدا کرنے کے نئے مواقع میسر آنے کی توقع ہے۔

