کوئٹہ(الفجرآن لائن) بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے ایف جی ڈگری گرلز کالج، کوئٹہ کینٹ کی بی ایس انگلش لٹریچر پروگرام سے تعلق رکھنے والی 17 ہونہار طالبات کو میرٹ پر اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ یہ طالبات بیف کے پارشیئلی فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام کے تحت اعلیٰ تعلیم کے لیے مالی معاونت حاصل کریں گی۔
منتخب ہونے والی ان طالبات کا تعلق بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول کوئٹہ، قلات اور پشین سے ہے، جو اپنے تعلیمی سفر کے مختلف مراحل میں زیرِ تعلیم ہیں۔سی ای او بیف خالد ماندائی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی بیٹیاں صوبے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تعلیم پر سرمایہ کاری ایک ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے تعلیم دوست وژن کا حصہ ہے، جس کا مقصد میرٹ کی حوصلہ افزائی کرنا اور مالی مشکلات کو باصلاحیت طلباء کی راہ میں رکاوٹ بننے سے روکنا ہے۔ خالد ماندائی نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی محنت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھیں تاکہ وہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں


