مالاکنڈ (الفجر آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر کی جانب سے 27 ستمبر کے احتجاج کے تناظر میں اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے سے متعلق بیان کے بعد مالاکنڈ میں لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سوات سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شکیل خان کی موجودگی میں لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی، جبکہ واقعے سے متعلق ایسی ویڈیوز بھی سامنے آنے کی اطلاعات ہیں جن میں شکیل خان کی موجودگی اور ان کے گارڈز کی جانب سے فائرنگ دکھائی گئی ہے۔
دستیاب رپورٹس کے مطابق واقعے میں دو لیویز اہلکار زخمی ہوئے۔واقعے کے بعد اعلیٰ حکام کی جانب سے معاملے کا سخت نوٹس لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق شکیل خان اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاریوں سمیت قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔پولیس حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری جانب جنید اکبر نے 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق اپنی تقریر میں اسلام آباد کو ’’سومنات‘‘ بنانے کا حوالہ دیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے وضاحت کی کہ ’’سومنات‘‘ کا حوالہ اسلام آباد بار بار آنے کے تناظر میں استعمال کیا گیا تھا اور کہا کہ ان کی مکمل تقریر نشر کی جائے۔واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور فائرنگ میں ملوث افراد کے کردار کا تعین قانونی کارروائی اور تحقیقات کے ذریعے کیا جائے گا۔

