اسلام آباد پر دھاوا بولا تو اپنا ہی نقصان ہوگا، محسن نقوی کی پی ٹی آئی کو وارننگ
لاہور (الفجرآن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پر دھاوا بولا تو انکا اپنا ہی نقصان ہوگا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا آرڈر موجود ہے لہٰذ سختی سے نمٹا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا البتہ ملکی معیشت کو نقصان ضرور ہوگا، پی ٹی آئی کے جو بھی سمجھدار سیاستدان ہیں وہ لانگ مارچ نہیں چاہتے۔
محسن نقوی نے کہا کہ رات ایک بجے ہم پشاور میں جنازے پر تھے لیکن کوئی مقامی وزیر شہیدوں کے جنازے میں نہیں تھا، سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن آپ اتنے بے حس ہوگئے ہیں کہ نا تو خود اور نا ہی کوئی وزیر شہیدوں کے جنازے میں گیا۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بھی وقت ہے اور اس طرح بند گلی میں نہ جائیں جس میں واپسی کا راستہ نہ ہوا، جس منصوبے کے تحت آ رہے ہیں اس سے اپنا اور ملک کا نقصان نہ کریں، اگر وہ ایسا کریں گے تو اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کروایا جائے گا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ اس مرتبہ ایسا نہیں ہوگا کہ ملک 10، 20 روز کے لیے بند ہو جائے، ان کا مطالبہ اگر بانی پی ٹی آئی کا اسپتال چیک کا ہے تو وہ رات بھی ہوا ہے، پی ٹی آئی کو خود بھی نہیں پتہ کہ ان کے مطالبات کیا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سومنات والی بڑھکوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، لانگ مارچ کے لیے آتے ہیں تو اس مرتبہ کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمت کہاں جا رہی ہیں آپ کو پتا ہے، گزشتہ روز بھی ہم نے بڑی مشکل سے اپنا تیل بردار بحری جہاز عبور کروایا ہے تاہم قیمتیں کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں

