کوئٹہ(الفجرآن لائن) بلوچستان کے علاقے نوشکی میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران ٹیم پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ صوبائی معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘فتنۃ الہندوستان’ نے سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنا کر بزدلی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیو ٹیم پر یہ حملہ دراصل بلوچستان کے بچوں کے مستقبل، صوبے کے امن اور ترقی پر حملہ ہے۔ دہشت گرد عناصر نہیں چاہتے کہ بلوچستان سے بیماریوں کا خاتمہ ہو اور یہاں کے بچے ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل کی طرف بڑھیں۔
بابر یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو معصوم بچوں کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کر سکتی ہے، اور اس سے بچاؤ کا واحد مؤثر ذریعہ ویکسینیشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز ہماری نسلوں کو محفوظ رکھنے کے لیے گھر گھر جا رہے ہیں اور ان کی حفاظت کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ معاون داخلہ نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے شوم عزائم بلوچستان کے بچوں کا مستقبل تبدیل نہیں کر سکتے۔ بلوچستان کے بچوں کو دہشت گردی یا بیماری نہیں بلکہ تعلیم، صحت، امن اور روشن مستقبل چاہیے، اور حکومت ان کے محفوظ کل کے لیے پوری طرح پرعزم ہے

