کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیر اعلی بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں پولیو مہم کی ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے شاہد رند نے کہا کہ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ ہے۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج ہے انہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں حکومت اور پولیس شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے شاہد رند نے کہا کہ واقعے کے حوالے سے پولیس کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

